اردو میں سائنسی تعلیم — خالد خان یوسف زئی

Dr. Khalid Khan Yousafzai

پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کا نظام انگریزی زبان میں رائج ہے۔ دنیا میں تحقیقی کام کا بیشتر حصہ انگریزی زبان میں ہی چھپتا ہے۔ انگریزی زبان میں ہر موضوع پر لاتعداد کتابیں پائی جاتی ہیں، جن سے طلبا و طالبات استفادہ کرسکتے ہیں۔ 

ہمارے ملک میں طلبا و طالبات کی ایک بہت بڑی تعداد بنیادی تعلیم اردو زبان میں حاصل کرتی ہے۔ ان کے لئے انگریزی زبان میں موجود مواد سے استفادہ تو ایک طرف، انگریزی زبان از خود ایک رکاوٹ کے طور پر سامنے آتی ہے۔ یہ طلبا و طالبات ذہین ہونے کے باوجود آگے بڑھنے اور قوم و ملک کی بھرپور خدمت کرنے کے قابل نہیں رہتے۔ ایسے طلبا و طالبات کو اردو زبان میں نصاب کی اچھی کتابیں درکار ہیں۔ ہم نے قومی سطح پر ایسا کرنے کی کوئی خاطر خواہ کوشش نہیں کی۔

میں برسوں تک اس صورتحال کی وجہ سے پریشانی کا شکار رہا۔ کچھ کرنے کی نیت رکھنے کے باوجود کچھ نہ کر سکتا تھا۔ میرے لئے اردو میں ایک صفحہ بھی لکھنا ناممکن تھا۔ آخر کار ایک دن میں نے اپنی اس کمزوری کو کتاب نہ لکھنے کا جواز بنانے سے انکار کر دیا اور یوں یہ کتب وجود میں آئیں۔ 

یہ کتب اردو زبان میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے لئے نہایت آسان اردو میں لکھی گئی ہیں۔ کوشش کی گئی ہے کہ اسکول کی سطح پر نصاب میں استعمال تکنیکی الفاظ ہی استعمال کئے جائیں۔ جہاں ایسے الفاظ موجود نہ تھے، وہاں روز مرہ میں استعمال ہونے والے الفاظ چنے گئے۔ تکنیکی اصطلاحات کی چنائی کے وقت اس بات کا دھیان رکھا گیا کہ اس کا استعمال دیگر مضامین میں بھی ممکن ہو۔ 

ان کتب میں بین الاقوامی نظام اکائی استعمال کیا گیا ہے۔ اہم متغیرات کی علامتیں وہی رکھی گئی ہیں جو موجودہ نظام تعلیم کی نصابی کتابوں میں رائج ہیں۔ یوں اردو میں لکھی ان کتب اور انگریزی میں انہیں مضامین پر لکھی کتابیں پڑھنے والے طلبا و طالبات کو ساتھ کام کرنے میں دشواری نہیں ہوگی۔

امید کی جاتی ہے کہ یہ کتب ایک دن خالصتاََ اردو زبان میں انجینئرنگ کی نصابی کتب کے طور پر استعمال کی جائیں گی۔ اردو زبان میں الیکٹریکل انجینئرنگ کے مکمل نصاب کی طرف یہ پہلا قدم ہے۔ 

ان کتب کے پڑھنے والوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ انہیں زیادہ سے زیادہ طلبا و طالبات تک پہنچانے میں مدد دیں اور انہیں جہاں کوئی غلطی نظر آئے، اس کی نشان دہی میرے برقیاتی پتے  پر کریں۔ 

khalidyousafzai@comsats.edu.pk

میری تمام کتب کی لیٹکس معلومات یہاں سے حاصل کی جا سکتی ہیں، جنہیں آپ مکمل اختیار کے ساتھ استعمال کر سکتے ہیں۔

خالد خان یوسف زئی
اسسٹنٹ پروفیسر

کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، اسلام آباد


فہرست کتب



Khalid Khan Yousafzai
Assistant Professor
Comsats Institute of Information Technology. Islamabad.

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here